پٹنہ (نیوزڈیسک)بھارتی ریاست بہار میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرہ لگانے پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے علاقے بھوجپور سے چند نوجوانوں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔مبینہ طور پر یہ واقعہ بھوجپور کے چندی گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک گروپ نے بیڈمنٹن کے کھیل کے بعد اپنی جیت کا جشن منایا، اور ملک مخالف نعرے لگائے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نیلے لباس میں ملبوس شخص ویڈیو بنا رہا ہے، جبکہ دو افراد اپنے ہاتھوں میں ٹرافی پکڑے ہوئے ہیں۔ نوجوانوں کو ریلی نکالتے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔بھوجپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سنجے کمار سنگھ کے مطابق پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ویڈیو کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔