چین میں ابتدائی 11 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 9.9 فیصد اضافہ

بیجنگ(نیوز ڈیسک)چینی مین لینڈ میں سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی)گزشتہ سال کی نسبت 9.9 فیصد اضافہ کے ساتھ تقریبا 11 کھرب 60 ارب یوآن تک پہنچ گئی ہے۔وزارت تجارت نے جمعہ کے روز بتایا کہ امریکی ڈالر کے لحاظ سے سرمایہ کاری کی آمد گزشتہ سال کی نسبت 12.2 فیصد اضافہ کے ساتھ 1 کھرب 78 ارب 8 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق خدمات کی صنعت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد گزشتہ سال کی نسبت 0.9 فیصد اضافہ کے ساتھ 8 کھرب 42 ارب 61 کروڑ یوآن ہو گئی ہے جبکہ ہائی ٹیک صنعتوں میں یہ ایک سال قبل کے مقابلے 31.1 فیصد بڑھ گئی ہے۔خاص طور پر ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ایک سال قبل کی اسی مدت کے مقابلے 58.8 فیصد بڑھ گئی ہے جبکہ ہائی ٹیک خدمات کے شعبہ میں گزشتہ سال کی نسبت 23.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اس عرصے کے دوران جمہوریہ کوریا، جرمنی، برطانیہ اور جاپان کی سرمایہ کاری میں بالترتیب 122.1 فیصد ، 52.6 فیصد ، 33.1 فیصد اور 26.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ملک کے وسطی خطے میں آنیوالی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کی نسبت 28.6 فیصد ، مغربی خطے میں 24.6 فیصد اور مشرقی خطے میں 7.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔