عمان(نیوز ڈیسک)عرب اور یورپی ممالک کے رہنماؤں نے اردن میں ہونے والی بغداد تعاون اور شراکت داری کانفرنس میں شرکت کی ہے ۔کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی سمیت عراق کی تعمیر نو اور اہم عناصر کے درمیان تناؤ میں کمی پر بات کی گئی۔ایک روزہ سمٹ میں متحدہ عرب امارات، فرانس، سعودی عرب، ایران، ترکیہ، مصر، قطر، کویت اور اومان کے رہنماؤں اور سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔یہ دوسرا موقع ہے کہ اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پچھلے برس اگست کے مہینے میں پہلی کانفرنس بغداد میں ہوئی تھی۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ عراق کے علاقے میں کسی بھی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔عرب لیگ کے چیف احمد عبدالغیت نے کہا کہ بغداد کو علاقائی تنازعات سے باہر رکھیں، عراق تنازعات یا کسی انتقامی کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوئم نے کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطہ سلامتی اور سیاسی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے عراق میں غیر ملکی مداخلت کی مذمت کی۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ ایران روس کی عسکری مدد کرنا بند کرے۔