نیویارک(نیوزڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی بینک کے نئے سربراہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے بھارتی نژاد امریکی شہری اجے بنگا کو عالمی بینک کی سربراہی کیلئے نامزد کردیا ہے ۔ ترقیاتی قرض دہندہ نے 29 مارچ تک جاری رہنے والے ایک عمل میں امیدواروں کی نامزدگیوں کو قبول کرنا شروع کیا تھا، بینک کا کہنا ہے کہ خواتین امیدواروں کی ’بہت زیادہ‘ حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ عالمی بینک کا صدر عام طور پر امریکی جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ کا سربراہ روایتی طور پر یورپی ہوتا ہے۔ امریکا کے نامزد کردہ 63 سالہ اجے بنگا بھارتی نژاد امریکی ہیں اور فی الحال ایکویٹی فرم جنرل اٹلانٹک میں وائس چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اس سے پہلے وہ ماسٹر کارڈ میں چیف ایگزیکٹو تھے۔صدربائیڈن نے کہا کہ بنگا کو عالمی رہنماؤں کے ساتھ کام کا وسیع تجربہ ہے۔دوسری جانب جرمنی کی جانب سے بھی عالمی بینک کےسربراہ کی نامزدگی کی توقعات ہیں جب کہ جرمنی نے خاتون کو ورلڈ بینک سربراہ بنانےکی وکالت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجئے بنگا کی تعیناتی مئی تک ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جب کہ ماحولیاتی امور پر اصلاحات کے تنازع کا شکار عالمی بینک کے موجودہ سربراہ ڈیوڈ ملپاس نے پچھلے ہفتے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔















