ٹورنٹو(نیوز ڈیسک)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے مضافاتی علاقے میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک اور ایک شہری زخمی ہو گیا ۔۔تفصیلا ت کے مطابق مقامی پولیس کے سربراہ جم میک سوین نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ متعدد اپارٹمنٹس پر مشتمل ایک عمارت میں پیش آیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مشتبہ ملزم کی بھی موت واقع ہو گئی۔پولیس جائے وقوع پر پنچ گئی تھی، زخمی شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جس کی جان اب خطرے سے باہر ہے۔کینیڈین میڈیا کے مطابق جم میک سوین نے صحافیوں کو بتایا کہ ’افسران جائے وقوع پر پہنچے تو انہوں نے ایک خوفناک منظر دیکھا جہاں کئی افراد کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں‘۔پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات میں معلوم کیا جا رہا ہے کہ کیا ملزم اور متاثرین کے آپس میں کسی قسم کا کوئی تعلق تھا۔ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں ٹورنٹو کے شمال میں تقریباً 30 کلومیٹر (20 میل) کے فاصلے پر مضافاتی علاقے وان میں واقع عمارت کے مختلف اپارٹمنٹس میں پائی گئیں۔مقامی میڈیا کے مطابق عمارت کو خالی کرا دیاگیا ہے ۔