اہم خبریں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ ریکارڈ

نیویارک(نیوز ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں فی بیرل 2 ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی خام تیل کے ذخائر میں کمی کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 2.71 ڈالر، یعنی 3.2 فیصد اضافے کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 2.26 ڈالر، یعنی 3.4 فیصد اضافے کے بعد 81.95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتی رہی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں عارضی کمی کے باعث تیل کی قیمتیں ایک ہفتے سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں تاہم تازہ تجارتی سیشن میں قیمتیں دوبارہ بڑھ گئیں۔

پیر کوبرینٹ خام تیل کی قیمت 8.42 ڈالر یا 8.7 فیصد کمی کے بعد 88.36 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 6.70 ڈالر یا 7.5 فیصد کمی کے بعد 82.61 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی تھیں۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید کم ہوتی ہے اور خطے میں امن برقرار رہتا ہے تو آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی معیشت، ایندھن کی طلب، اوپیک پلس کی پیداوار اور جغرافیائی سیاسی حالات آئندہ ہفتوں میں تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے والے اہم عوامل رہیں گے، جبکہ سرمایہ کار خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں۔مون سون کے نئے سپیل کی انٹری، لاہور سمیت جڑواں شہروں میں بادل برس پڑے

متعلقہ خبریں