اہم خبریں

جرمنی میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کی سب سے بڑی نمائش کا انعقاد

برلن (نیوزڈیسک)جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی سب سے بڑی نمائش فروٹ لاجسٹیکا میں اس سال 140 سے زائد ممالک کے 63470 ٹریڈ وزٹرز اور خریداروں کے ساتھ ساتھ 92 ممالک کے 2610 نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انتظامیہ نے بتایاکہ اس سال پھلوں اور سبزیوں کی عالمی تجارت کے لیے معروف تجارتی میلہ پہلے سے کہیں زیادہ بین الاقوامی تھا جس میں اس شعبے کے اہم کھلاڑی اکٹھے ہوئے۔انتظامیہ کے مطابق اس مرتبہ کے سلوگن ’آل ان ون‘ کے ساتھ فروٹ لاجسٹیکا نمائش نے اس سال اپنی 30 ویں سالگرہ منائی۔اس دوران 27 ہالز میں 3 دن تک جاری رہنے والی اس نمائش میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کی تجارت کے تازہ ترین رجحانات اور اختراعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔فروٹ لاجسٹیکا کے پراجیکٹ مینیجر کائی مینگل برگر کے مطابق اس سال اس نمائش میں اسپین اور پاکستان سمیت 40 سے زائد قومی پویلین بھی بنائے گئے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نمائش اس بات کا اظہار ہے کہ تجارت کرتے ہوئے آمنے سامنے کی ملاقاتیں کتنی ضروری ہیں۔

متعلقہ خبریں