بینکاک(نیوزڈیسک)تھائی لینڈ میں شوہر نے اہلیہ کو اپنی محبت بتانے کیلئے اپنی کلائی پر شادی کا سرٹیفکیٹ ہی گدوالیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ واقعے سے متعلق وسطی تھائی لینڈ کے ایک ٹیٹو پارلر نے سوشل میڈیا پر صارفین کو اپنے اس منفرد پروجیکٹ کے بارے میں بتایا۔ مذکورہ پروجیکٹ ایک اصلی سرٹیفکیٹ کے سائز کا ٹیٹو ہے جو وال نامی 34 سالہ نوجوان نے اپنی کلائی پر گدوایا۔ پارلر کے مطابق وال اپنی اہلیہ کو محبت کے اس منفرد ثبوت کے ساتھ سرپرائز دینا چاہتا تھا۔ لہٰذا اس نے ٹیٹو فنکار سے درخواست کی کہ اس کی شادی کا سرٹیفکیٹ مستقل طور پر اس کے ہاتھ پر بنادیا جائے۔ سرٹیفکیٹ کے لیے اس شخص نے بیل بوٹے گدوائے جبکہ نیلی دوات کی مہر بھی ہاتھ پر بنوائی۔ اس حوالے سے وال کا کہنا تھا کہ یہ ٹیٹو میرے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ جب بھی ہماری لڑائی ہو یا کسی بات پر اختلاف ہو تو میں اپنے ہاتھ پر دیکھوں اور مجھے وہ دن یاد آجائیں جب ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے جذباتی اور محبت میں پاگل تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا کرنے سے ان کی انا کم ہوجائے گی۔ ہر چیز قابلِ برداشت ہو گی جس کے باعث ہمارا گھرانہ خوش رہے گا اور کامیابی کے ساتھ بچوں کی پرورش ہو گی۔