اہم خبریں

ترک شیف کا روزانہ 5 ہزار متاثرہ افراد کو کھانا کھلانے کا وعدہ

انقرہ (نیوزڈیسک)عالمی شہرت یافتہ ترک شیف نصرت گوکسی عرف سالٹ بے نے ہر روز زلزلے سے متاثرہ 5 ہزار افراد کو کھانا کھلانے کا وعدہ کرکے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے7 اعشاریہ 8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے بہت بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، جس کے بعد کئی ترقی یافتہ ممالک اور عالمی تنظیموں نے متاثرین کی مدد کرنے کے لیے اپنے رضاکاران کی ٹیمیں اور امدادی سامان ترکیہ اور شام میں بھیج رہے ہیں۔اس دوران ترکی کے علاقے پاسالی سے تعلق رکھنے والے نامور شیف سالٹ بے بھی اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔سالٹ بے نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک موبائل کچن کا انتظام کیا ہے اور ہر روز کم از کم 5 ہزار زلزلہ زدگان کو کھانا فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنی اس فوڈ ڈرائیو کو دنیا کی سب سے اہم اور بامعنی خدمت قرار دیا ہے۔اس حوالے سے سالٹ بے نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دو نئی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔ان میں سے ایک ویڈیو میں موبائل کچن جس پر شیف کا نام لکھا ہوا پڑھا جاسکتا ہے اسے گودام سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں باورچیوں کو موبائل کچن میں بڑے بڑے برتنوں کھانا تیار کرتے اور متاثرین سخت سردی میں قطار میں لگ کر اپنے پیاروں کے لیے کھانا لے کر جاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ترک شیف کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ان ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا سا ردِ عمل دیکھنے میں آرہا ہے کچھ صارفین شیف کے اس اقدام کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ نے اسے پبلسٹی سٹنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترک شیف یہ نیکی خاموشی سے بنا کوئی ویڈیو شیئر کیے بھی کرسکتے تھے۔ناقدین کا خیال ہے کہ اس طرح سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرنے سےمتاثرین کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے جوکہ قدرتی آفت کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے دوچار دوسروں کے ہاتھوں سے ملنے والی امداد وصول کرنے کے لیے مجبور ہیں۔

متعلقہ خبریں