بیجنگ(نیوزڈیسک)اپنی بیوی سے دو سال تک 10 ملین یوآن (15 لاکھ امریکی ڈالر) کی لاٹری میں نکلنے والی انعامی رقم چھپانے والی چینی شہری کو عدالت نے حکم دیا ہے کہ وہ اس کا ہرجانہ (معاوضہ) دے۔ مذکورہ بالا چینی شہری جس کا صرف خاندانی نام ژوو ظاہر کیا گیا ہے اس کا 2021 میں 10 یوآن کا لاٹری ٹکٹ میں انعام لگا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لازمی سرکاری ٹیکس کی ادائیگی کے بعد اس کے پاس 8 اعشایہ 43 ملین یوآن کی رقم بچی تھی جو کہ 12 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالرز کے مساوی ہے، جو کہ اس کی اور خاندان کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لیے کافی تھی لیکن اس نے یہ خوشی اور حیرت کی خبر اپنی بیوی کو بتانے کے بجائے اسے چھپائے رکھا اور اس طرح سے ظاہر کرتا رہا ہے کہ کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔جس روز انعامی رقم اس کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی تو مسٹر ژوو نے اس میں سے 2 ملین یوآن اپنی بہن اور مزید 7 لاکھ یوآن اپنی سابقہ بیوی کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی تھی۔ یہ تو واضح نہیں کہ اس کی بیوی کو کس طرح اس سارے معاملے کا پتہ لگا لیکن اس خبر کے ملتے ہی اس نے طلاق کی درخواست داخل کردی اور مقدمہ کیا کہ اس کے شوہر نے اس سے انعامی رقم کو چھپائے رکھا۔چینی قانون کے مطابق کیونکہ انعامی رقم لگنے کے وقت دونوں شادی شدہ تھے تو یہ رقم مشترکہ پراپرٹی تصور کی جاتی ہے لیکن ژوو نے یہ بات اس سے چھپائی، لہٰذا عدالت نے 60 فیصد رقم اس کی بیوی کو دینے کا حکم دیا۔یہ معاملہ چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر لوگوں نے مسٹر ژوو کے بارے میں منفی کمنٹس کیے۔