اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے وفود کو جمعہ 10 اپریل کو اسلام آباد میں بات چیت کے لیے مدعو کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے اور خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی راہ ہموار کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن، مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی اسلام آباد ایک مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ تمام تنازعات طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل ہوں تاکہ خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں قوم اور عالمی برادری کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ پس پردہ سفارتی پیش رفت تیزی سے جاری ہے اور اسلام آباد خطے میں ایک اہم سفارتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وزیراعظم کے اس اعلان کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان نہ صرف ایک بڑے علاقائی بحران کے حل میں مرکزی کردار ادا کرے گا بلکہ عالمی سفارت کاری میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لے گا۔
ایران آبنائے ہرمز کھولنے پر رضامند















