تہران (اے بی این نیوز)ایرانی خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے امریکا اور اسرائیل کو کبھی گزرنے نہیں دیں گے۔
ایک بیان میں خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے آغاز کا غلط اندازہ لگایا، وہ اس کے پھیلنے کا بھی غلط اندازہ لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ پھیلنے سے بھی ٹرمپ کی ہی شکست ہو گی، ایران کسی بھی قسم کی کشیدگی کے لیے تیار ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اہداف پر حملے کا ایران کی طرف سے دگنا جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نیوی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کا اسٹریٹجک منظر نامہ مستقل طور پر تبدیل ہو چکا ہے اور یہ اہم آبی گزرگاہ خصوصاً امریکا اور اسرائیل کے لیے اب کبھی اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں آئے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں آئی آر جی سی نیوی کمانڈ نے کہا ہے کہ اس اہم بحری راہداری پر غیر ملکی بالادستی کا دور ختم ہو چکا ہے۔
بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ علاقائی پیش رفت نے طاقت کے توازن کو بدل دیا ہے اور بیرونی قوتوں، خاص طور پر امریکا کی ایران کے قریبی سمندری علاقوں میں اثر اندازی محدود ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: اہم تنصیبات پر ایرانی میزائل حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک،متعدد زخمی















