اہم خبریں

ایران میں 2 سے 3 ہفتے میں تمام فوجی مقاصد حاصل کرلیں گے ،ٹرمپ

واشنگٹن (اے بی این نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف آپریشن شروع کیے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا، ہم نے ایران کی نیوی، ایئرفورس کو مکمل تباہ کردیا ہے۔

امریکی عوام سے اہم خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ چار ہفتوں میں امریکی فوج نے فیصلہ کن حملے کیے ہیں، ان کے کئی لیڈر ختم ہوچکے، رجیم ختم ہوچکا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں تمام فوجی مقاصد دو سے تین ہفتے میں حاصل کرلیں گے، انہوں نے ایران جنگ جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے بعد مشرق وسطیٰ کے تیل کی اب ضرورت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتی رہی، 47 سال سے یہ صورتحال قائم تھی، بہت پہلے ایران سے ڈیل کیا جانا چاہیے تھی، جنرل سلیمانی کو نہ مارا جاتا تو آج ایران کہیں زیادہ مضبوط ہوتا۔

خطاب میں صدر ٹرمپ نے ایرانی حکومت پر 45 ہزار مظاہرین کو قتل کرنے کا الزام بھی لگایا تاہم شواہد نہیں دیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں ایران کی نیوکلیئر تنصیبات تباہ کردی تھیں، ایران نے دوسرے مقام پر نیوکلیئر پروگرام جاری رکھنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران جنگ میں اہداف حاصل کر رہے ہیں، ایران کے ایٹم بم بنانے کی صلاحیت ختم کردی، ایران جنگ کے اسٹریٹیجک مقاصد تقریباً مکمل ہورہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ میں 13 امریکی فوجی مارے جاچکے ہیں، ہم اپنا مشن مکمل کریں گے، اسرائیل، سعودیہ، قطر، امارات، کویت اور بحرین عظیم ملک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے نہ تو تیل لیتا ہے، نہ لے گا، جن ممالک کے پاس تیل نہیں، وہ امریکا سے حاصل کرلیں، جو ممالک تیل حاصل نہیں کرسکتے، انہیں آبنائے ہرمز سے تیل خود لینا ہوگا۔

امریکی صدر نے ویتنام اور عراق سمیت مختلف جنگوں کا ایران جنگ سے موازنہ کیا اور ایران کو معاشی اور ہر لحاظ سے ختم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیمس مشن روانہ کرنے پر ناسا کو مبارکباد دیتا ہوں، امید ہے خلا نورد مشن کامیاب سے مکمل کرکے واپس پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں: آج بروزجمعرات 2 اپریل 2026 سونے کی تازہ ترین قیمت

متعلقہ خبریں