لندن ( اے بی این نیوز ) یورپ میں ایسٹر کے تہوار سے قبل چاکلیٹ کی سپلائی پر اثر انداز ہونے والا ایک بڑا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مشہور برانڈ کی تقریباً 12 ٹن چاکلیٹ چوری ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ کھیپ ٹرانزٹ کے دوران لاپتہ ہوئی، جس سے مارکیٹ میں ممکنہ قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایک ٹرک جس میں لاکھوں کی تعداد میں چاکلیٹ بارز موجود تھیں، وسطی اٹلی سے پولینڈ کی جانب روانہ تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے اسے نشانہ بنایا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق نہ صرف ٹرک بلکہ اس میں موجود مکمل سامان بھی تاحال بازیاب نہیں ہو سکا۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ تقریباً چار لاکھ تیرہ ہزار سے زائد چاکلیٹ یونٹس اس کھیپ کا حصہ تھے، جو مختلف پیداواری اور تقسیم کے مراکز کے درمیان منتقل کی جا رہی تھیں۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں اور لاجسٹکس شراکت دار بھی اس عمل میں شامل ہیں۔
یورپ کے بازاروں میں ایسٹر کے قریب چاکلیٹ کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں اس واقعے نے سپلائی چین کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے بھی خبردار کیا گیا ہے کہ اس چوری کے باعث مارکیٹ میں مخصوص مصنوعات کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے اور صارفین کو اپنی پسندیدہ چاکلیٹ تلاش کرنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔
مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹ غیر رسمی مارکیٹوں میں بھی پہنچ سکتی ہے، جس سے نہ صرف سپلائی چین بلکہ ریٹیل سسٹم پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ فی الحال تحقیقات جاری ہیں اور حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :امریکہ کا ایران سے نکلنے کا اعلان، جا نئے کب تک















