امریکہ کی جنگ بندی کی پیشکش،ایران نے مسترد کر دی،جنگ کا خاتمہ اپنی شرائط اور اپنے وقت پر کریں گے،ایرانی حکام
تہران ( اے بی این نیوز )ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے امریکا کی جانب سے دی گئی تجاویز مسترد کر دی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد انہیں غیر مناسب قرار دیا گیا۔ جنگ کے خاتمے کے لیے پہلی شرط حملوں کا فوری خاتمہ اور ایرانی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی صورت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ اختیار نہیں دے سکتا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے وقت کا تعین کریں۔
حکام نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اس کی شرائط پوری نہیں ہوتیں۔ ایران نے ایک علاقائی ثالث کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا ہے کہ وہ اپنا دفاع جاری رکھے گا اور جنگ کا خاتمہ بھی اپنی شرائط اور اپنے وقت پر کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ سفارتکاری کے اصولوں کے خلاف تھا اور اسے غداری قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سفارتکاری کا تجربہ نہایت تلخ رہا ہے اور گزشتہ نو ماہ میں دو مرتبہ مذاکرات کے دوران حملے کیے گئے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 دنوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا، جبکہ ایرانی مسلح افواج اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف ممالک نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے اور خطے سمیت دیگر ممالک ایران سے رابطے میں ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اپنا دفاع جاری رکھے گا اور اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اچھے ہیں اور ایران پاکستان کی نیک نیتی پر یقین رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں :سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور مشرقی خطے میں ایران کی کارروائی















