اہم خبریں

دیمونا، عراد پرشدید ایرانی میزائل حملے، 6 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

تہران (ویب ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، دیمونا اور وسطی علاقوں پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے شہر دیمونا پر ایران نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچویں بار میزائل حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں شدید تباہی کی اطلاعات ہیں، یہ شہر نہایت سکیورٹی میں گھرا ہوا ہے اور یہاں اسرائیل کا جوہری پلانٹ بھی واقع ہے۔

اسرائیل کے جنوبی شہر عراد میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، میزائل حملے میں کم از کم 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، دیمونا میں 3 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، جبکہ 50 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی شہر دیمونا پر حملہ نطنز میں واقع جوہری افزودگی کے مرکز پر اسرائیلی حملے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران، اصفہان اور خارگ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، ان شہروں کے متعدد حصے فضائی حملوں کی زد میں آئے ہیں، جس کے بعد علاقے میں دھماکوں اور دھوئیں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کن مقامات کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات بھی فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں، صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اور ہنگامی ادارے متحرک ہیں۔دیمونا سمیت جنوبی اسرائیل کے مختلف علاقوں کیلئے ایران کی جانب سے نئے میزائل حملوں کے خدشے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے جن میں بیرشیبا اور بحیرہ مردار کے بعض علاقے بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیمونا انتہائی حساس اور سخت سکیورٹی والا شہر ہے، جہاں بعض علاقوں میں تصاویر لینے کی بھی اجازت نہیں ہوتی، خاص طور پر جوہری پروگرام کے آس پاس، تاہم حالیہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں میزائل ڈیفنس سسٹم ناکام رہا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور پیچیدہ وار ہیڈز والے میزائلوں کو روکنا اسرائیل کیلئے زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے میزائل بعض اوقات اپنے اندر متعدد سب میونیشنز رکھتے ہیں، جن کا اثر وسیع علاقے تک پھیل سکتا ہے بعض اوقات 10 کلومیٹر تک، تازہ وارننگ کے بعد اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں رہنے والے شہری ایک بار پھر حفاظتی پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔پاسداران انقلاب کا اسرائیل پر حملوں میں 200 سے زائد ہلاکتوں کا دعویٰ۔ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے کہا ہے کہ میزائل حملوں میں اسرائیل کے مختلف شہروں میں فوجی تنصیبات اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا، جن میں ایلات، دیمونا، بیرشیبا، کریات شامل ہیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ حملے صرف اسرائیل تک محدود نہیں رہے بلکہ کویت میں علی السلیم ایئر بیس، یو اے ای میں دو اڈوں کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، تاہم اسرائیل نے اتنی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہر دیمونا میں میزائل واقعے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، نیوکلیئر ریسرچ سینٹر کو نقصان پہنچنے کے شواہد نہیں ملے، معلومات کےمطابق غیر معمولی تابکاری ریکارڈ نہیں ہوئی۔
مزیدپڑھیں:مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث بھارتی معیشت بڑے خطرات سے دوچار

متعلقہ خبریں