واشنگٹن ( اے بی این نیوز ) مغربی عراق میں ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران ایک امریکی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق یہ واقعہ فضائی آپریشن کے دوران پیش آیا جب امریکی طیارے خطے میں کارروائیوں میں مصروف تھے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تباہ ہونے والا طیارہ ایندھن فراہم کرنے والا فوجی طیارہ تھا جو مشن کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ فوجی آپریشن کے دوران پیش آیا اور اس حوالے سے مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں آپریشن جاری تھا اور ایک دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے میں چھ افراد سوار تھے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر مکمل معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ تکنیکی ماہرین حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور مختلف ممالک کی فوجی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مزید پڑھیں :ایران کے سپریم لیڈر کہاں اور کیسے ہیں،امریکہ کا بڑ ا انکشاف سامنے آگیا،جا نئے تفصیل















