اہم خبریں

عیدالفطر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان

ریاض (اے بی این نیوز        )سعودی عرب میں عیدالفطر کے موقع پر نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں نجی اور غیر منافع بخش اداروں کو چار دن کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ اس فیصلے کے بعد لاکھوں ملازمین کو عید کی تیاریوں اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔

عرب خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے واضح کیا ہے کہ نجی شعبے اور غیر منافع بخش اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات دی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ملازمین کو مذہبی تہوار کے دوران مناسب آرام اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وزارت کے ترجمان محمد الرزقی کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات بدھ 18 مارچ کو 29 رمضان المبارک کے دن دفتری اوقات کے اختتام سے شروع ہوں گی۔ یہ تعطیلات چار دن تک جاری رہیں گی اور اس دوران نجی کمپنیوں اور غیر منافع بخش اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

سعودی حکام نے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیبر قوانین کے مطابق ملازمین کو مقررہ تعطیلات فراہم کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی عیدالفطر کے موقع پر سعودی عرب میں خریداری، سفر اور سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی عیدالفطر کے چاند کے حوالے سے ابتدائی پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں عیدالفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔

ادھر کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر کے موقع پر 21، 22 اور 23 مارچ 2026 کو سرکاری تعطیلات ہوں گی جس کے دوران سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ شہری عید کی خوشیوں میں مصروف ہوں گے۔

مزید پڑھیں :اپ ڈیٹ ، سونا30 ہزار100 روپے فی تولہ سستا ہو گیا

متعلقہ خبریں