اہم خبریں

اسکولوں میں 9 مارچ سے تعطیلات کا آغاز! بڑی خبر آگئی

دبئی (اے بی این نیوز) سرکاری اور نجی اسکولوں میں 9 مارچ سے تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ، جو 22 مارچ تک جاری رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سلامتی کے پیشِ نظر تمام اسکولوں اور جامعات میں مقررہ وقت سے ایک ہفتہ قبل ہی اسپرنگ بریک کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارتِ تعلیم اور وزارتِ ہائر ایجوکیشن کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 9 مارچ سے تعطیلات کا آغاز ہوگا، جو 22 مارچ تک جاری رہیں گی۔

یہ اہم فیصلہ ایران کی جانب سے جاری حالیہ جارحیت اور ملک میں ہنگامی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

اس سے قبل حکام نے تمام تعلیمی اداروں میں 6 مارچ (جمعہ) تک فاصلاتی تعلیم کی ہدایت کی تھی، تاہم اب طلبہ اس ویک اینڈ پر اپنی آن لائن کلاسز مکمل کر کے اسپرنگ بریک پر چلے جائیں گے۔

اس حوالے سے اماراتی محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ تعطیلات کے فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اسپرنگ بریک کا اطلاق صرف اسکولوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ یو اے ای کی جامعات (Universities) بھی ان تعطیلات میں شامل ہوں گی۔

تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں اور کلاسز کا باقاعدہ آغاز پیر 23 مارچ سے دوبارہ ہوگا۔.

نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے میڈیا بریفنگ میں واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح طلبہ کو ایک محفوظ اور مستحکم ماحول فراہم کرنا ہے، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ موجودہ حالات میں بھی طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو، اسی لیے پہلے ریموٹ لرننگ اور اب قبل از وقت تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تعلیمی سال 2025-2026 کے سرکاری کیلنڈر کے مطابق اسپرنگ بریک کا آغاز 16 مارچ سے ہونا تھا، تاہم ہنگامی حالات کے باعث اسے ایک ہفتہ پہلے کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔تہران میں بمباری کرکے اہم شخصیت کو قتل کردیا، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

متعلقہ خبریں