اہم خبریں

ایپسٹین فائل ،کلنٹن کا بیان،ٹرمپ کیلئے نئے مسا ئل ،ہیلری کی لاعلمی،جا نئے تفصیلات

واشنگٹن (اے بی این نیوز    )امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں جاری کانگریسی تحقیقات کے دوران سابق صدر بل کلنٹن نے بیان دیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک موقع پر جیفری ایپسٹین کے ساتھ “بہترین اوقات” گزارنے کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس گفتگو سے انہیں کسی غیر قانونی سرگرمی کا تاثر نہیں ملا۔کانگریسی کمیٹی کے سامنے حلفیہ بیان میں کلنٹن نے بتایا کہ یہ بات چیت دو ہزار دو یا دو ہزار تین میں ایک گالف ٹورنامنٹ کے دوران ہوئی تھی، جب وہ صدارت چھوڑ چکے تھے اور ٹرمپ ابھی سیاست میں متحرک نہیں ہوئے تھے۔ ان کے مطابق ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایپسٹین سے ان کی دوستی ایک جائیداد کے معاملے پر ختم ہوئی۔

کلنٹن نے اس امر پر زور دیا کہ انہیں اس گفتگو سے یہ محسوس نہیں ہوا کہ ٹرمپ کا ایپسٹین کے مبینہ جرائم سے کوئی تعلق تھا۔ یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین کو کم عمر لڑکیوں سے متعلق جنسی جرائم کے الزامات پر دو ہزار آٹھ میں سزا ہوئی تھی اور بعد ازاں دو ہزار انیس میں دوبارہ گرفتاری کے بعد جیل میں ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا۔

سابق صدر نے اپنی گواہی میں بتایا کہ ان کا تعارف ایپسٹین سے اس وقت کے وزیر خزانہ لیری سمرز نے کرایا تھا، جنہوں نے ایپسٹین کو فلاحی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھنے والا شخص قرار دیا۔ کلنٹن نے اعتراف کیا کہ وہ ایپسٹین کے نجی طیارے میں ایشیا، افریقہ اور یورپ کے دوروں پر گئے، تاہم دو ہزار تین کے بعد انہوں نے دیگر عطیہ دہندگان سے روابط بڑھا لیے۔انہوں نے کسی بھی قسم کے جنسی تعلق یا غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کی اور کہا کہ انہیں ایپسٹین کی جانب سے لڑکیوں کے استحصال سے متعلق کوئی علم نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی ایپسٹین کے کیریبین جزیرے پر نہیں گئے۔

ریپبلکن اکثریت والی نگرانی کمیٹی نے سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو بھی طلب کیا تھا، جنہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ایپسٹین سے ملاقات یاد نہیں۔یہ تازہ گواہی امریکا کی سیاست میں ایپسٹین سے متعلق روابط پر جاری بحث کو مزید تقویت دے رہی ہے، جبکہ دونوں سابق صدور مسلسل کسی بھی مجرمانہ سرگرمی سے لاعلمی اور لاتعلقی کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں :آپریشن غضب للحق جاری، ٹھل سیکٹر میں در اندازی کی کوشش ناکام،پکتیکا میں افغان طالبان کی پوسٹ پرقبضہ

متعلقہ خبریں