ماسکو(اے بی این نیوز)روس نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دیا ہے، جبکہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
روسی صدارتی ذرائع کے مطابق، 2 مارچ کو صدر ولادیمیر پیوٹن اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری بحران اور ایران کے خلاف امریکی-اسرائیلی کارروائیوں کے اثرات پر بات چیت کی گئی۔
اسی روز روس اور بحرین کی قیادت کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
روسی صدر نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے بھی گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کو افسوسناک قرار دیا اور فوری طور پر جنگ بندی اور سیاسی و سفارتی مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
روس نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے باعث پورے مشرق وسطیٰ میں مسلح تصادم کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جبکہ شہری تنصیبات پر حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ایسے اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے یو اے ای میں جاری انگلینڈ لائنز کا دورہ منسوخ کردیا















