استنبول ( اے بی این نیوز )مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ترکیہ کے صدر نے ایران میں جاری حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر نے واضح کیا کہ ایران میں خونریزی کسی صورت قابل قبول نہیں اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکیہ ہمیشہ امن کے ساتھ کھڑا ہے اور چاہتا ہے کہ ایران میں جاری تشدد کا خاتمہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں اور بالخصوص بچوں کی تکالیف دیکھ کر دل افسردہ ہے اور انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
صدر نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ترکیہ جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ خطے میں استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرے گا اور متعلقہ فریقین سے رابطوں کا سلسلہ بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی مختلف بحرانوں کا شکار ہے، ایسے میں ایک نئی محاذ آرائی پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ ترکیہ خطے میں پائیدار امن کے قیام تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتا رہے گا۔
صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی تکلیف ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ جنگ اور تنازع کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتے، اصل راستہ بات چیت اور سفارتکاری ہی ہے۔ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ فوری اور سنجیدہ کردار ادا کرے تاکہ خونریزی کو روکا جا سکے۔
مزید پڑھیں :اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر پر حملے کے بعد نیتن یا ہو کی حالت غیر















