اہم خبریں

ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان ایک اہم پیش رفت، بڑے میڈیا فورم کا انعقاد

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان ایک اہم پیش رفت، 27 فروری کو ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 11 بجے اور اسلام آباد کے وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے ایک بڑے میڈیا فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع سرکاری دورۂ ماسکو سے قبل دونوں ممالک کے صحافتی اور سفارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
فورم کا مقصد پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، سفارت کاری، معیشت اور عالمی سیاست پر کھل کر بات چیت کرنا ہے تاکہ بدلتی دنیا میں دونوں ملکوں کا مؤقف واضح اور مضبوط انداز میں سامنے آسکے۔ ڈیجیٹل دور میں بیانیے کی جنگ کو دیکھتے ہوئے یہ اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
پہلے اجلاس میں بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور ماسکو و اسلام آباد کے نقطہ نظر پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ روسی وزارت خارجہ کی نمائندہ ماریا زاخارووا اور پاکستانی سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت دیگر ماہرین خطاب کریں گے۔ اس نشست میں سفارتی چیلنجز، علاقائی تنازعات اور عالمی طاقتوں کے کردار پر کھل کر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دوسرے اجلاس میں پاک روس تعلقات میں ترقی کے امکانات پر بات ہوگی۔ توانائی، تجارت، دفاعی تعاون اور تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے نکات زیر بحث آئیں گے۔ مقررین اس بات پر روشنی ڈالیں گے کہ موجودہ عالمی حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے کتنے اہم شراکت دار بن سکتے ہیں۔
تیسرا اجلاس بین الاقوامی صحافت میں نئے رجحانات کے موضوع پر ہوگا، جہاں ڈیجیٹل میڈیا، آن لائن پلیٹ فارمز اور عالمی بیانیے کی تشکیل پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔ ماہرین اس پہلو پر بھی بات کریں گے کہ اطلاعات کی تیز رفتار دنیا میں ذمہ دار صحافت کس طرح علاقائی امن اور استحکام میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
دوسرے اجلاس کی نظامت ماسکو سے پیٹر لیڈوف-پیٹروسکی کریں گے جبکہ اسلام آباد سے سینئر صحافی الماس حیدر نقوی گفتگو کو آگے بڑھائیں گے۔ اس نشست میں ماسکو سے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، روسی اکیڈمی آف سائنسز کی ماہر تجزیہ کار ڈاکٹر ارینا سیرینکو اور کومرسانت اخبار کے تجزیہ کار سرگئی ستروکان شریک ہوں گے۔ اسلام آباد سے ڈاکٹر ثروت رؤف، افتخار شیرازی اور شوکت پیراچہ اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
ماسکو سے دمتری الیگزینڈر سائمس، دمتری لیونتیف اور آرٹیم چیباروف شریک ہوں گے جبکہ اسلام آباد سے متین حیدر، ڈاکٹر ماریہ سلطان، انس ملک اور عامر الیاس رانا اظہار خیال کریں گے۔ مقررین اس بات پر روشنی ڈالیں گے کہ بدلتی عالمی سیاست میں میڈیا کس طرح رائے عامہ تشکیل دیتا ہے اور نئی نسل تک اطلاعات پہنچانے کے انداز کس قدر تبدیل ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں :وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج، اہلیت جانچنے کا طریقہ مزید آسان، مستحق افراد گھر بیٹھے جا نیں،وہ اہل ہیں یا نہیں

متعلقہ خبریں