کھٹمنڈو ( اے بی این نیوز ) نیپال میں مسافر بس دریا میں گرنے سے 19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔ حادثہ پیر کی علی الصبح اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق بس آدھی رات کے بعد پرتھوی شاہراہ پر پھسل کر گہری کھائی میں جا گری اور نیچے بہنے والےد ریاے کنارے جا پہنچی۔ حادثہ بنیگھٹ کے مقام پر پیش آیا جو کٹھمنڈو سے تقریباً اسی کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اندھیرے اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ کٹھمنڈو کے قومی ٹراما مرکز میں متعدد زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک چوبیس سالہ برطانوی شہری بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں ایک چینی شہری اور ایک ستائیس سالہ نیوزی لینڈ کی خاتون بھی شامل ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے نے اطلاع دی ہے کہ ایک اور چینی شہری تاحال لاپتہ ہے۔ اب تک صرف نو افراد کی لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے جبکہ باقی کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے بس کے ملبے کو ہٹا کر پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے حادثے کے مقام کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں :سول آرمڈ فورسز میں بھرتیوں پر اہم پیش رفت، وفاقی حکومت بڑے فیصلے کے قریب















