اہم خبریں

ایپل کمپنی پاکستان میں آئی فونز کی تیاری شروع کرے گی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) حکومت کی جانب سے موبائل اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ فریم ورک کے تحت نئی مراعات کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پاکستان میں آئی فونز کی تیاری شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ یہ پیشرفت مقامی سطح پر ٹیکنالوجی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد علی منصور کے مطابق ایپل نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تین بنیادی شرائط رکھی تھیں جنہیں مجوزہ پالیسی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان شرائط میں رعایتی نرخوں پر زمین کی فراہمی، آٹھ فیصد پرفارمنس انسینٹو اور دو سے تین سال پرانے آئی فونز کی مرمت کی اجازت شامل ہے۔ اس وقت دیگر مینوفیکچررز کو چھ فیصد انسینٹو مل رہا ہے۔

حکام کے مطابق ایپل پرانے آئی فونز پاکستان میں ری فربش کر کے دوبارہ برآمد کرے گا جس سے پہلے سال تقریباً ایک سو ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ پہلے سال موبائل فونز میں مقامی پرزہ جات کا استعمال بارہ فیصد سے بڑھا کر پینتیس فیصد اور بعد ازاں پچاس فیصد تک لے جایا جائے۔

حکومت ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز پر چھ فیصد تک ایکسپورٹ لیوی عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے باسٹھ ارب روپے تک آمدن متوقع ہے۔ یہ رقم مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری اور صنعت کے فروغ پر خرچ کی جائے گی۔ پچاس سے ساٹھ ہزار روپے مالیت کے فونز پر کسی قسم کی لیوی عائد نہیں ہوگی۔

ای ڈی بی کے سربراہ نے مزید بتایا کہ لاہور کی ایک کمپنی مقامی سطح پر آلٹو طرز کی الیکٹرک کار بنانے کے لیے پلانٹ لگا رہی ہے جس کی متوقع قیمت سات سے آٹھ لاکھ روپے ہوگی۔ حکومت ای بائیکس کی طرز پر چار پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں پر چالیس فیصد سبسڈی دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں :عمران خان کی آنکھ کے علاج سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں