اسلام آباد (اے بی این نیوز)بین الاقوامی سطح پر سامنے آنے والی ایک ای میل خط و کتابت میں پاکستان میں پولیو مہم، سیکیورٹی صورتحال اور قبائلی علاقوں میں سرگرمیوں سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ لیک ہونے والی ای میل میں بھیجنے والے کے طور پر Boris Nikolic اور وصول کنندہ کے طور پر Jeffrey Epstein کا نام درج ہے، جبکہ ای میل کی تاریخ یکم مئی 2013 بتائی گئی ہے۔
ای میل کے متن کے مطابق لکھنے والے نے پشاور میں قیام کے دوران سیکیورٹی خدشات، بم دھماکوں اور انتخابی ہنگامہ آرائی کا ذکر کیا۔ متن میں دعویٰ کیا گیا کہ شہر میں ہوٹلوں کی سیکیورٹی سخت تھی اور مصنف نے قبائلی علاقوں کے نمائندوں سمیت مختلف حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ای میل میں خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے سیکریٹری اور فاٹا کے حکام سے ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جہاں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ای میل میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ پولیو ویکسینیشن مہم کے حوالے سے فنڈنگ کا مسئلہ درپیش نہیں تھا اور فاٹا حکومت متحدہ عرب امارات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے والی تھی، جس کے تحت آئندہ تین برسوں تک پولیو مہم کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جا سکتی تھی۔ متن میں یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ ایک مقامی رابطہ کار کے ذریعے طالبان کے ایک سینئر رکن سے فون پر بات کی گئی، جس میں پولیو مہم پر ان کے مؤقف پر گفتگو ہوئی۔
ای میل میں مذہبی بنیادوں پر پولیو ویکسین سے انکار کو ایک محدود عنصر قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اصل مسائل دباؤ کی حکمت عملی، باہمی چپقلش اور فنڈنگ و ملازمتوں سے جڑے مفادات ہیں۔ خط و کتابت میں اسلام آباد میں مزید ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے جہاں حکومتی حکام سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں :وفاقی محتسب کا تاریخی فیصلہ، حاضر سروس وائس چانسلر کو ملازمت سے برطرف کرنےکا حکم جاری کر دیا گیا















