لندن ( اے بی این نیوز )برطانیہ میں مسلسل اور موسلا دھار بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل انوائرمنٹ ایجنسی نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر 98 سیلاب وارننگز اور 158 فلڈ الرٹس جاری کر دیے ہیں، جبکہ حالیہ بارشوں سے کم از کم 300 گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔
بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس سے رہائشی علاقوں، سڑکوں اور زرعی زمینوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے متعدد علاقوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جہاں مقامی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
سیلابی صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ نظام متاثر ہونے کا امکان ہے، کئی اہم شاہراہیں، سڑکیں اور پل بند کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ریل اور بس سروسز میں بھی تعطل کا خدشہ ہے۔ مقامی حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے، حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نیشنل انوائرمنٹ ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلابی پانی کے قریب جانے سے بچیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ حکام کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث سیلابی خطرات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی متاثرہ آنکھ بارے مریم ریاض وٹو کا تشویشناک انکشاف،جا نئے کیا بتایا















