اہم خبریں

امریکہ کا اپنے شہریوں ایران چھوڑنے کا حکم

واشنگٹن ( اے بی این نیوز   )امریکا نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایران میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ امریکی ورچوئل ایمبیسی کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری اپنی روانگی کے انتظامات خود کریں اور امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار نہ کریں، کیونکہ کسی بھی وقت فضائی سفر معطل یا پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر ایران چھوڑنا ممکن نہ ہو تو امریکی شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں قیام کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور روزمرہ کی ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ شہری زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کریں، کیونکہ یہ نسبتاً محفوظ متبادل راستے تصور کیے جا رہے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق سفارت کاری صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے، تاہم طاقت کے استعمال کا آپشن بھی خارج از امکان نہیں۔ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اسی بنیاد پر فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں :ملک میں شرپسندی اور بدامنی پھیلانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،وزیراعظم

متعلقہ خبریں