سعودی عرب(اے بی این نیوز)سعودی عرب نے مملکت میں موجود لاکھوں اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس منصوبے کا مقصد سعودی عرب کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام اور نگرانی کرنا ہے، سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق اس منصوبے سے اونٹوں کے شعبے میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
اس اقدام سے اونٹوں سے متعلق ایک جامع اور قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جا سکے گا، وزارت ماحولیات نے اونٹوں کے پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی ہے، اونٹوں کیلئے پاسپورٹ سبز رنگ کا ہے، پاسپورٹ پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر نمایاں ہے۔
مملکت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تھی، اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج بھی انہیں وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں۔ملک بھرمیں لاپتا افراد کے کیسز کی تعداد 10 ہزار 806 تک پہنچ گئی















