اہم خبریں

اماراتی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

دبئی(اے بی این نیوز)متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے رواں ماہ فروری 2026 کے لئے پٹرول اور ڈیزل کے نئے نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پٹرول سپر 98 کی قیمت 2.53 درہم فی لٹر سے کم کر کے 2.45 درہم فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ سپیشل 95 اب سستا ہو کر 2.33 درہم فی لٹر پر آگیا ہے جو جنوری میں 2.42 درہم فی لٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔

اسی طرح ای پلس 91 کی نئی قیمت 2.26 درہم فی لٹر ہو گئی ہے جو گزشتہ ماہ یعنی جنوری میں 2.34 درہم فی لٹر تھی جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 2.52 درہم فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے جبکہ پٹرول کی قیمت آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر پر بدستور برقرار رہے گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر اور مالی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔پنجاب میں طویل ویک اینڈ کا اعلان

متعلقہ خبریں