غزہ(اے بی این نیوز) اسرائیلی فضائی حملوں میں ہفتے کے روز غزہ میں کم از کم 32 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی بتائی جا رہی ہے۔
فلسطینی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق یہ حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ صبح کے وقت سے جاری حملوں کے بعد ہوا۔ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ رہائشی عمارتوں، خیموں، پناہ گاہوں اور ایک پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انسانی المیہ پیدا ہوا۔
غزہ شہر کے رمال علاقے میں ایک رہائشی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ ایک متاثرہ خاندان کے رکن نے بتایا کہ تین بچیاں نیند کی حالت میں جاں بحق ہو گئیں اور ان کی لاشیں سڑک پر ملی ہیں۔
غزہ کے شیخ رضوان علاقے میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے، جن میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حملے کے وقت عمارت میں عام شہری بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 ورلڈکپ کا اہم میچ، پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ















