واشنگٹن ( اے بی این نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکا کا ایک بڑا بحری بیڑہ اس وقت ایران کی جانب روانہ ہے، جو وینزویلا پر حملے میں استعمال ہونے والے امریکی بحری بیڑے سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ اقدام خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کہا کہ اگر معاہدہ ہوا تو یہ بہتر ہوگا، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اس کے نتائج سب کے سامنے ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے ایران میں 800 مظاہرین کو پھانسی دینے کی تیاری کی جا رہی تھی، تاہم انہوں نے ذاتی طور پر مداخلت کرتے ہوئے یہ سزائیں رکوا دیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایرانی حکام کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان بیانات کے بعد عالمی سطح پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی پر ایک بار پھر بحث تیز ہو گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے عالمی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرین جنگ میں جنگ بندی کے بہت قریب ہیں۔ ان کے مطابق وہ اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، لیکن یوکرین کی جنگ بندی سب سے مشکل ثابت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ















