اہم خبریں

چین سے بڑھتے تعلقات پر ٹرمپ کی برطانیہ کو وارننگ

امریکہ(اے بی این نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ بڑھتے کاروباری تعلقات پر برطانیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ کے ساتھ اس طرح کے روابط “خطرناک” ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے چین کے دورے کے دوران تعلقات میں پیش رفت اور معاشی فوائد کو سراہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹارمر نے بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے تین گھنٹے طویل ملاقات میں چین کے ساتھ “زیادہ بالغ اور جدید تعلقات” کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں مارکیٹ تک بہتر رسائی، کم ٹیرف، سرمایہ کاری کے معاہدوں کے علاوہ فٹبال اور شیکسپیئر جیسے موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی۔

دوسری جانب واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے برطانیہ اور چین کے قریبی تعلقات سے متعلق سوال پر کہا کہ “یہ ان کے لیے بہت خطرناک ہے”، تاہم انہوں نے اس بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔

اسٹارمر نے بیجنگ میں یو کے–چائنا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی کے ساتھ ان کی ملاقاتیں “انتہائی خوشگوار” رہیں اور ان کے نتیجے میں “حقیقی پیش رفت” سامنے آئی ہے۔ انہوں نے ویزا فری سفری سہولت اور برطانوی وہسکی پر ٹیرف میں کمی کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کو امریکا اور چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق امریکا کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات دفاع، سیکیورٹی، انٹیلی جنس اور تجارت کے شعبوں میں بدستور مضبوط ہیں۔

اسٹارمر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ٹرمپ کی غیر متوقع پالیسیوں، تجارتی ٹیرف کی دھمکیوں اور گرین لینڈ سے متعلق بیانات نے امریکا کے اتحادیوں میں بے چینی پیدا کر رکھی ہے۔ تاہم برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو چین کے دورے کے اہداف سے پیشگی آگاہ کیا گیا تھا۔

امریکی کامرس سیکریٹری ہاورڈ لٹنک نے بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ برآمدات بڑھانا انتہائی مشکل ہے اور برطانیہ کی کوششوں کے کامیاب ہونے کے امکانات کم ہیں۔

مزید پڑھیں۔انگلینڈ میں پولیس کو چکمہ دے کر دکان سے پرفیوم چوری کرنے والی خاتون کو دلچسپ سزا سنا دی گئی

متعلقہ خبریں