اہم خبریں

بنگلہ دیش میں انتخابی مہم کے دوران تصادم، جماعتِ اسلامی کے سینیئر رہنما جاں بحق

بنگلہ دیش (اے بی این نیوز)نگلہ دیش کے ضلع شیرپور میں انتخابی سرگرمی کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے درمیان ہونے والے تصادم میں جماعتِ اسلامی کے ایک سینیئر رہنما شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے، جس کے بعد ملک میں انتخابات سے قبل بڑھتے سیاسی تشدد پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جماعتِ اسلامی کے مقامی رہنما مولانا رضا الکریم ضلع شیرپور کے علاقے ’جھینائی گاتی‘ میں پیش آنے والے تصادم کے دوران شدید زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے شیرپور-3 کے حلقے سے امیدواروں کے انتخابی منشور پڑھنے کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں نشستوں کے معاملے پر اختلافات جھگڑے میں تبدیل ہو گئے۔

مولانا رضاالکریم جماعتِ اسلامی کی ’سری بردی اپازلا شاخ‘ کے سیکرٹری تھے اور فتح پور فاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار بھی تھے، انہیں تشویشناک حالت میں میمن سنگھ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق انہیں رات 9 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ عینی شاہدین اور مقامی حکام کے مطابق تقریب کے دوران بی این پی اور جماعتِ اسلامی کے حامیوں کے درمیان اگلی نشستوں پر بیٹھنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو جلد ہی پرتشدد تصادم میں بدل گئی، اس دوران سینکڑوں کرسیاں اور کئی موٹر سائیکلیں توڑ دی گئیں جبکہ دونوں جماعتوں کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہوئے۔

جماعتِ اسلامی کے شیرپور-3 سے امیدوار نورالزمان (بادل) نے فیس بک پر جاری بیان میں الزام عائد کیا کہ حملہ بی این پی کے کارکنوں نے کیا، جس میں جماعتِ اسلامی کے 50 سے زائد کارکن زخمی ہوئے، جبکہ 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

جماعتِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل میاں غلام پروار نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کی شدید مذمت کی۔ اے بی پارٹی کے رہنماؤں نے بھی واقعے کو منظم سیاسی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر جماعتِ اسلامی کی طلبہ تنظیم، اسلامی چھاترا شبِر نے واقعے کے خلاف ڈھاکا یونیورسٹی میں رات گئے احتجاج کیا اور مولانا رضاالکریم کے قتل پر انصاف کا مطالبہ کیا۔ یہ واقعہ بنگلہ دیش میں آئندہ 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات سے قبل سیاسی کشیدگی اور انتخابی تشدد کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں۔افشاں سعید چوہدری نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی

متعلقہ خبریں