اہم خبریں

سرد طوفان،درجہ حرارت انتہائی نیچے جانے کا خدشہ ، ایمرجنسی نافذ، ہنگامی صورتحال پیدا

واشنگٹن ( اے بی این نیوز)امریکہ اس وقت شدید اور خطرناک سرد طوفان کی زد میں ہے، جس نے ملک کے مشرقی ساحل سے لے کر مڈویسٹ تک وسیع علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طوفان سے تقریباً 20 کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ صورتحال جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے جمعے سے شروع ہونے والے اس شدید موسمی نظام کے بعد کم از کم 16 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق میمفس، نیش وِل، واشنگٹن ڈی سی، بالٹی مور، فلاڈیلفیا اور نیویارک جیسے بڑے شہر شدید برفباری کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ کولوراڈو سے ویسٹ ورجینیا، نیویارک سٹی اور بوسٹن تک کئی علاقوں میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس طوفان کے باعث سفری نظام بری طرح متاثر ہوگا، پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں، شاہراہیں بند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بجلی کی فراہمی طویل وقت کے لیے معطل رہ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ درختوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے اور انفراسٹرکچر متاثر ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہری موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں، گھروں میں ضروری سامان ذخیرہ کریں اور شدید سردی کے دوران غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں :ایران میں سکیورٹی ہائی الرٹ، سپریم لیڈر زیرِ زمین پناہ گاہ میں منتقل

متعلقہ خبریں