اہم خبریں

گوگل نے ویب براؤزر کروم کے لیے اپ ڈیٹ جاری

اسلام آباد ( اے بی این نیوز      ) گوگل نے اپنے مقبول ویب براؤزر کروم کے لیے ایک انتہائی اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے اور صارفین کو فوری طور پر براؤزر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ حال ہی میں سامنے آنے والی خطرناک سیکیورٹی کمزوریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل کا کہنا ہے کہ اس نئی اپ ڈیٹ میں کروم براؤزر میں موجود متعدد سیکیورٹی خامیوں کو فکس کیا گیا ہے، جنہیں سائبر جرائم پیشہ عناصر ہیکنگ اور ڈیٹا چوری کے لیے استعمال کر سکتے تھے۔ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ان میں سے بعض کمزوریاں انتہائی سنگین نوعیت کی تھیں اور اگر انہیں بروقت درست نہ کیا جاتا تو صارفین کی پرائیویسی اور حساس معلومات کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ کروم بلڈز میں کئی ایسی خامیاں دریافت ہوئی تھیں جن کے ذریعے ہیکرز صارفین کے سسٹمز تک غیر مجاز رسائی حاصل کر سکتے تھے۔ تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر گوگل نے ان خامیوں کی تکنیکی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کیں تاکہ کسی ممکنہ غلط استعمال سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ گوگل کروم دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے، جس کے کروڑوں صارفین روزانہ انٹرنیٹ براؤزنگ، آن لائن بینکنگ، ای میل اور سوشل میڈیا کے لیے اس پر انحصار کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے اس میں موجود سیکیورٹی خامیاں بڑے پیمانے پر صارفین کو متاثر کر سکتی ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے بھی صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خودکار اپ ڈیٹس کو فعال رکھیں اور ہمیشہ کروم کا تازہ ترین ورژن استعمال کریں۔ ماہرین کے مطابق پرانا ورژن استعمال کرنے سے ہیکنگ، فشنگ حملوں اور ڈیٹا لیک جیسے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔گوگل کا کہنا ہے کہ جو صارفین اپنے سسٹمز اور موبائل ڈیوائسز کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں وہ فوری طور پر کروم اپ ڈیٹ کریں تاکہ آن لائن سرگرمیوں کے دوران کسی بھی ممکنہ سائبر خطرے سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں : سیلاب کا خطرہ، فیڈرل فلڈ کمیشن نے الرٹ جاری کر دیا

متعلقہ خبریں