اہم خبریں

گرین لینڈ کا معاملہ،یورپی کمیشن کا بڑا فیصلہ

لندن ( اے بی این نیوز     ) یورپی کمیشن نے گرین لینڈ میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کر کے عالمی سیاست اور معیشت میں ایک نیا سگنل دے دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر نے کہا ہے کہ گرین لینڈ میں یورپی سرمایہ کاری میں اضافہ خطے کے استحکام، ترقی اور اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر کیا جا رہا ہے، تاکہ یورپ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکے۔صدر یورپی کمیشن نے امریکا کی جانب سے یورپی ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز کو کھلی غلطی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات عالمی تجارت کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اتحادی ممالک کے درمیان اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہ تبدیلی مستقل نوعیت کی ہوئی تو یورپ کو بھی مستقل طور پر خود کو بدلنا ہوگا اور اپنی پالیسیوں میں بنیادی اصلاحات لانا پڑیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپ کو اب صرف ردعمل کی پالیسی نہیں بلکہ ایک مضبوط اور خودمختار معاشی حکمت عملی اپنانا ہوگی، تاکہ کسی بھی دباؤ یا تجارتی جنگ کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ ان کے مطابق یورپی یونین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔دوسری جانب نائب صدر یورپی کمیشن نے ایک سخت اور دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو دوسرے ملک پر قبضہ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کا احترام ہر صورت لازم ہے۔

نائب صدر نے واضح طور پر کہا کہ یوکرین اور گرین لینڈ پر کسی کو بھی قبضہ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر سرحدیں بدلنے کی سوچ نہ صرف خطرناک ہے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔یورپی قیادت کے ان بیانات کو موجودہ عالمی کشیدگی، روس یوکرین جنگ اور آرکٹک خطے میں بڑھتی اسٹریٹجک دلچسپی کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق گرین لینڈ میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان دراصل یورپ کی طویل المدتی جیو پولیٹیکل اور اکنامک اسٹریٹجی کا حصہ ہے، جس کا مقصد مستقبل میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانا ہے۔

مزید پڑھیں :کرکٹ کے معروف آل راؤنڈر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

متعلقہ خبریں