اہم خبریں

ایران میں ہنگا مے کون کرا رہا ہے،اصل کردار سامنے آگئے،جا نئےاصل حقائق

تہران ( اے بی این نیوز   )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایران میں جاری ہنگامہ آرائی اور بدامنی کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان سازشوں سے دور رہیں۔ قوم سے خطاب میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اگر عوام کو کسی قسم کے تحفظات ہیں تو انہیں دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم اس سے بھی بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ کسی انتشاری گروہ کو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔صدر پزشکیان نے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں اور دہشت گردوں کے فریب میں نہ آئیں۔ انہوں نے ایرانی والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے عناصر سے دور رکھیں جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دشمن نے تربیت یافتہ دہشت گردوں کو ایران کے اندر داخل کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر کو احتجاجی مظاہرین نہ سمجھا جائے۔ ان کے مطابق حکومت جائز احتجاج سننے کو تیار ہے، لیکن کسی بھی غیر ملکی طاقت کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ایرانی قوم میں انتشار کے بیج بوئے۔صدر پزشکیان نے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی طبقات سے اپیل کی کہ وہ فسادات اور بدامنی کے خلاف متحد ہو جائیں اور قومی مفادات کا دفاع کریں۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو وینزویلا، غزہ اور دیگر خطوں میں کیے گئے اقدامات پر شرم آنی چاہیے۔دوسری جانب ایرانی فوج نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ایران اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایرانی قیادت کے ان بیانات کے بعد خطے میں صورتحال مزید توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جبکہ عوام کو بدامنی سے دور رہنے اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہونے کی تلقین کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں :ن لیگ میں جدید گورننس اور اپوزیشن سے نمٹنے کا کوئی واضح تصور نہیں ،محمد زبیر

متعلقہ خبریں