ریاض ( اے بی این نیوز ) سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق یکم سے 7 جنوری تک مجموعی طور پر 18,836 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 11,710 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر، 4,239 افراد غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش پر، اور 2,887 افراد محنت کے قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیے گئے۔گرفتار شدگان میں زیادہ تر ایتھوپین شہری تھے جن کی تعداد 60 فیصد بتائی گئی ہے، جب کہ یمنی شہری 39 فیصد تھے اور باقی ایک فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس دوران 10,195 غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے ممالک واپس بھیج دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 741 افراد کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ سرحد پار کرکے سعودی عرب سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 46 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔اس ہفتے کے دوران سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے میں ملوث 19 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک میں قوانین کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔سوشل میڈیا پر صارفین اس سخت کارروائی پر مختلف رائے رکھتے ہیں۔ کچھ نے حکومت کی قانون پر عمل درآمد کی حمایت کی ہے، جبکہ بعض صارفین نے انسانی حقوق اور غیر قانونی تارکین وطن کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی،جا نئے کتنی سستی ہو ئی















