چین(اے بی این نیوز)چین نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویزا فیس میں رعایت کی پالیسی کو 31 دسمبر 2026 تک توسیع دے دی ہے، جس کے تحت سیاح، کاروباری مہمان اور بار بار آنے والے مسافر ویزا کی کم فیس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
نئی پالیسی کے مطابق، ویزا درخواست دہندگان کو 2023 سے قبل کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد کم فیس ادا کرنی ہوگی، یہ رعایتی فیس سنگل، ڈبل اور ملٹی پل انٹری ویزا پر لاگو ہوگی، جبکہ درخواست کے طریقہ کار یا اہل ہونے کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
چین نے ویزا کے لیے فنگر پرنٹ جمع کروانے کی شرط کو بھی 2026 کے آخر تک بڑھا دیا ہے۔ اب 180 دن تک کے سیاحتی، کاروباری، خاندانی یا ٹرانزٹ ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت فنگر پرنٹ جمع کروانا ضروری نہیں ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ویزا کے عمل کو آسان بنانے اور پروسیسنگ کے وقت کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ویزا فیس میں کمی کی پالیسی ابتدائی طور پر عالمی سفر میں رکاوٹوں کے بعد بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔ اس توسیع سے چین کی غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے طویل مدتی عزم کا عندیہ ملتا ہے۔ فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے سفارت خانوں نے تصدیق کی ہے کہ اس توسیع کے ساتھ کوئی نئی شرط شامل نہیں کی گئی۔
حکام نے واضح کیا کہ فیس میں رعایت صرف سرکاری سفارت خانہ ویزا چارجز پر لاگو ہوگی، جبکہ ویزا اپلیکیشن سینٹرز کے ذریعے خدمات لینے پر اسٹینڈرڈ سروس فیس لاگو رہے گی۔
اس پالیسی کے تحت چین کی 45 ممالک کے شہریوں کے لیے 30 دن کی یکطرفہ ویزا فری انٹری بھی برقرار رہے گی، جو 31 دسمبر 2026 تک لاگو رہے گی۔
مزید پڑھیں۔سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کے بیٹے کی شادی کی تیاریاں شروع، تقریب کب ہوگی؟















