یونان ( اے بی این نیوز )یونان میں اچانک پیدا ہونے والی سنگین تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں ایتھنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت اندرون و بیرون ملک جانے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یونانی ایئر ٹریفک کنٹرول کے ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم میں اچانک خرابی سامنے آئی، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت طیاروں کی آمد و رفت فوری طور پر روک دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پروازوں کی اجازت دینا محفوظ نہیں تھا، اس لیے مکمل معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔
ایئرپورٹس پر موجود مسافروں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ کئی مسافر گھنٹوں انتظار کے باوجود روانہ نہیں ہو سکے جبکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی یونان کے مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں۔ فلائٹ کینسلیشن اور تاخیر کے باعث ایئرپورٹس پر رش اور افراتفری کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔
یونانی حکام کے مطابق تکنیکی ماہرین ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم کی خرابی دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلہ حل ہوتے ہی فضائی آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔
فضائی کمپنیوں کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی پروازوں کا تازہ ترین اسٹیٹس ضرور چیک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ تکنیکی مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور پروازوں کا نظام معمول پر آ جائے گا۔
مزید پڑھیں :وینزویلا کے لیے بڑا اعلان ، جا نئے کس نے کیا















