اسلام آباد( اے بی این نیوز)بلوم برگ نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔بلوم برگ کی جانب سے جاری کی گئی تازہ جائزہ رپورٹ میں پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں کمی اور پالیسی استحکام کی تصدیق کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں قیمتوں کا استحکام بڑھ رہا ہے جبکہ معاشی نظم و نسق میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
بلوم برگ کا کہنا ہے کہ دسمبر 2025 میں افراط زر 5.6 فیصد رہا، جو مارکیٹ توقعات اور نومبر کے 6.1 فیصد کے مقابلے میں کم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خوراک کی قیمتوں میں دباؤ واضح طور پر کم ہوا ہے اور غذائی افراط زر 3.24 فیصد تک محدود رہا۔
رپورٹ کے مطابق اندازوں سے کم مہنگائی نے مارکیٹ اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور حکومتی و مالیاتی پالیسی کی درست سمت کی تصدیق ہوئی ہے۔ بلوم برگ نے نشاندہی کی کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کو تین سال کی کم ترین سطح پر لے آیا ہے۔
بلوم برگ کے مطابق شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے میں پیش رفت ہو رہی ہے اور پالیسی اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں معاشی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید بہتری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں :سیاسی اختلاف کو طاقت سے دبانا قابل قبول نہیں، جمہوریت میں آواز اٹھانا حق ہے،پی ٹی آئی















