جنیوا(اے بی این نیوز )سوئس اسکی ریزورٹ میں نئے سال کی تقریب کے دوران خوفناک دھماکہ، 40 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی ہو گئے،سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ ٹاؤن کران مونٹانا میں نئے سال کی تقریبات ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہو گئیں، جب ایک عمارت میں آتشزدگی کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق حادثے میں کم از کم 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں مختلف قومیتوں کے افراد شامل ہیں جو سال نو کی تقریبات میں شرکت کے لیے اس سیاحتی مقام پر موجود تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ ہے۔
سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر آگ لگنے یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث ہوا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ میں نئے سال کی شب پیش آنے والے آتشزدگی اور جانی نقصان کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا اور یہ سانحہ انتہائی دلخراش ہے۔
شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس آزمائش کی گھڑی میں سوئس حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
مزید پڑھیں :بابراعظم کی شاندارففٹی:سڈنی سکسرزنےمیلبرن رینی گیڈز کو شکست دیدی















