اہم خبریں

سگریٹ نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر یا اچھی ؟

دہلی (اے بی این نیوز    ) سگریٹ نوشی کرنے والوں کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے، کیونکہ سگریٹ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی تیاری کر لی گئی ہے، جس سے تمباکو نوش افراد کی جیب پر براہِ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔اگرچہ سگریٹ کو صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے اور ہر پیکٹ پر انتباہی پیغامات بھی درج ہوتے ہیں، اس کے باوجود دنیا بھر میں کروڑوں افراد سگریٹ نوشی ترک کرنے پر آمادہ نہیں۔ اب حکومتوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے جیسے سخت اقدامات کے ذریعے اس عادت کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی حکومت نے ملک میں سگریٹ نوشی میں کمی لانے اور تمباکو مصنوعات کی فروخت محدود کرنے کے لیے ایکسائز ڈیوٹی میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد نہ صرف صحت عامہ کو بہتر بنانا ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی سگریٹ نوشی سے دور رکھنا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اگر مجوزہ قانون پر عملدرآمد ہو جاتا ہے تو بھارت میں ایک سگریٹ کی قیمت 72 بھارتی روپے تک پہنچ سکتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 230 روپے بنتی ہے۔ اس وقت بھارت میں اچھے برانڈ کے ایک سگریٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 18 روپے کے قریب ہے، جسے چار گنا تک بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چوہدری کی جانب سے پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کیا گیا ہے، جس میں تمباکو مصنوعات پر عائد ایکسائز ڈیوٹی اور سیس میں نظرثانی کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام تمباکو نوشی کے رجحان میں کمی لانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے خاص طور پر نوجوان اور کم آمدنی والے افراد میں سگریٹ نوشی کی شرح کم ہونے کا امکان ہوتا ہے، تاہم تمباکو انڈسٹری کی جانب سے اس فیصلے پر ردعمل بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ فیصلہ نہ صرف سگریٹ نوش افراد بلکہ تمباکو سے وابستہ کاروبار پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں  :سہیل آفریدی کا پنجاب حکومت کو خط منظر عام پر آگیا،جا نئے کیا لکھا

متعلقہ خبریں