پیرس (اے بی این نیوز )فرانسیسی سینما کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی فاؤنڈیشن کی جانب سے امریکی نشریاتی ادارے کو جاری بیان میں کی گئی ہے، جس کے بعد فلمی دنیا میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔
بریژیت باغدو، جو فرانس میں محبت سے “بی بی” کہلاتی تھیں، نے 1950 اور 1960 کی دہائی میں اپنی بے باک اداکاری، دلکش انداز اور منفرد شخصیت کے باعث بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔ وہ اس دور کی علامت سمجھی جاتی تھیں جنہوں نے نہ صرف فلم بلکہ فیشن اور ثقافتی رجحانات پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔
انہوں نے 1952 سے 1973 تک فرانسیسی فلم انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کیے اور خواتین کی آزادی، خودمختاری اور سماجی حدود کو چیلنج کرنے والی شخصیت کے طور پر پہچانی گئیں۔ ان کا انداز اور خیالات اپنے وقت سے کہیں آگے سمجھے جاتے تھے۔
اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد، بریژیت باغدو نے اپنی زندگی جانوروں کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں تحفظِ حیوانات کے لیے بھرپور جدوجہد کی اور اس میدان میں بھی ایک مضبوط آواز بن کر ابھریں۔
28 ستمبر 1934 کو پیرس میں پیدا ہونے والی بریژیت باغدو کو 20ویں صدی کی بااثر ترین ثقافتی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ فلم، موسیقی، فیشن اور سماجی شعور کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں :احسن اقبال کے بعد شیر افضل مروت کا بھی لائیو شو اچانک روکنا پڑگیا،جا نئے ایسی کیا انہونی ہو گئی















