سڈنی(اے بی این نیوز) آسٹریلوی شہر سڈنی میں ساحل پر فائرنگ سے ہلاک افراد کی تعداد 16 ہوگئی، 2 پولیس اہلکاروں اور حملہ آور سمیت 40 زخمی ،حملہ آور باپ بیٹا نکلے،پولیس نے مزید ملزمان کی تلاش بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے بتایا کہ ساحل پر یہودیوں کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں ہے، ہلاک حملہ آور کی شناخت 50 سال کے ساجد اکرم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی حملہ آور کی شناخت 24 سال کے نوید اکرام کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس 10 سال سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا، ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 6 ہتھیار بھی برآمد کر لیے گئے تاہم ان تمام ہتھیاروں کے بیچ فائرنگ واقعے میں استعمال ہونے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوع کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی ملے جنہیں محفوظ کر لیا گیا ہے، پولیس نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے حملے کے پیچھے محرکات تلاش کر رہے ہیں، فائرنگ میں ملوث باپ بیٹا کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے تاہم دونوں افراد کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال فراہم نہیں کی جا سکتیں۔ ادھر آسٹریلوی حکومت نے واقعے کے پیش نظر آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کر دیا، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں۔پی ایس 9 شکارپور ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا















