ریاض (اے بی این نیوز)سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 19 ہزار 576 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 12 ہزار 506 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 4 ہزار 154 سرحدی تحفظ قوانین کی اور 2 ہزار 916 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔
ایک ہفتے کے دوران 12 ہزار 365 قانون شکن افراد کو ملک بدر جبکہ 21 ہزار 803 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنز کے اور 5 ہزار 202 افراد کو سفری انتظامات مکمل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیجا گیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے 1 ہزار 418 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 41 فیصد کا تعلق یمن، 57 فیصد ایتھوپیا اور 2 فیصد کا دیگر ملکوں سے تھا۔
اس کے علاوہ مملکت سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کے دوران 24 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ اس وقت مجموعی طور پر 30 ہزار 427 غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: شوکاز نوٹس پر پی ٹی آئی کے کئی عہدیداروں نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو پیش کر دیے















