بھارت(اے بی این نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگئی ، پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہونے پر پاکستانی شائقین نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے آن لائن ٹکٹس کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے،فیز ون میں 20 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7فروری سے 8مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا میں شیڈول ورلڈکپ فیز ون میچ کی کم سے کم ٹکٹ ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے
پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی،ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا،ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ 15فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20ورلڈکپ کاٹکٹ پوسٹر جاری کردیا گیا ہے ،آئی سی سی کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہے ۔
پوسٹر پر بھارتی، سری لنکن،جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر موجود ہیں ، آئی سی سی نے ٹکٹ جاری کرنے کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئرکیا۔
مزید پڑھیں۔بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی حالت بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل















