ڈھاکہ ( اے بی این نیوز )بنگلہ دیش میں عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں نئے انتخابات آئندہ سال 12 فروری 2026 کو ہوں گے۔ یہ انتخابات شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی بار منعقد کیے جا رہے ہیں، جب کہ اسی روز جمہوری اصلاحات کے چارٹر پر ریفرنڈم بھی ہوگا۔
قوم سے نشریاتی خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اس بار بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کو بھی پہلی مرتبہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جو انتخابی عمل میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 12 کروڑ 76 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ شفافیت اور سہولت کے پیش نظر پولنگ کا دورانیہ ایک گھنٹہ بڑھا کر مجموعی طور پر نو گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔
عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے انتخابات کی تاریخ کو ملک کی جمہوری تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2024 کی تاریخی بغاوت کے بعد ہونے والا یہ انتخاب بنگلہ دیش کے نئے سیاسی سفر کی بنیاد ثابت ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت الیکشن کمیشن کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی تاکہ انتخابی عمل شفاف، پرامن اور غیر جانبدار رہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہوسکتا ہے،رانا ثنا اللہ















