بھارت(اے بی این نیوز)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ کے بھائی وکرم بھٹ کو اُن کی اہلیہ شویتامبری بھٹ کے ساتھ دھوکا دہی کے ایک بڑے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اُدے پور پولیس کی خصوصی ٹیم نے دونوں کو ممبئی سے حراست میں لے کر عدالت سے 9 دسمبر تک ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کیا۔
دائر مقدمے میں ہدایتکار پر الزام ہے کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ سمیت چھ ساتھیوں نے اُدے پور کے ڈاکٹر انڈیرا گروپ آف کمپنیز کے بانی اجے مردیا سے تقریباً 30 کروڑ روپے کا مبینہ فراڈ کیا۔ اجے مردیا کے مطابق ان سے اُن کی مرحومہ اہلیہ کی زندگی پر مبنی بائیوپک سمیت چار فلموں کی تیاری کے نام پر بڑی سرمایہ کاری لی گئی، تاہم منصوبے تاحال مکمل نہیں کیے گئے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ مئی 2024 میں مردیا اور بھٹ خاندان کے درمیان 47 کروڑ بھارتی روپے مالیت کے چار فلمی منصوبوں کا معاہدہ طے پایا تھا۔ دعویٰ کیا گیا کہ ابتدائی دو منصوبے مکمل ہوئے، مگر باقی فلموں پر پیش رفت نہیں کی گئی۔ تفتیش میں سامنے آیا کہ مبینہ طور پر جعلی وینڈرز اور بڑھا چڑھا کر دکھائے گئے بلوں کے ذریعے رقم حاصل کی گئی، جس سے مردیا کو بھاری نقصان ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران وکرم بھٹ کے وکلا نے مؤقف اپنایا کہ پولیس نے غیر قانونی طریقے سے گرفتاری کی اور دباؤ ڈال کر خالی دستاویز پر دستخط بھی کروائے۔ تاہم دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ٹرانزٹ ریمانڈ برقرار رکھا۔
مزید پڑھیں۔معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی نے قوم سے معافی مانگ لی















